اداکار نیر اعجاز کو فلمی ہیروز سے کیا شکوہ ہے؟

سینئر اداکار نیر اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ ہماری فلمیں صرف ہیروز تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں، فلموں میں صرف ہیروز کو بچانے اور کامیاب کرانے کی کوشش کی جاتی ہے، دوسرے اداکار کتنا بھی اچھا کام کیوں نہ کریں، ان پر توجہ نہیں دی جاتی۔نیر اعجاز نے حال ہی میں کامیڈی پروگرام مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت نئی نسل کے اداکاروں میں پائے جانے والے خوف سے متعلق بھی کھل کر باتیں کیں، نئی نسل کے زیادہ تر اداکار خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، ان میں اعتماد کی کمی نظر آتی ہے۔نیر اعجاز کے مطابق اگر کسی فلم کے اداکار میں اعتماد کی کمی ہوتی ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ تصور کرتا ہے تو اس کی وجہ سے پوری فلم کا سیٹ بھی خراب ہوجاتا ہے، ایسے اداکار کو کسی بھی خوف کے بغیر کام کرنا چاہئے اور ہدایت کاروں کو بھی چاہئے کہ وہ غیر محفوظ اداکاروں کو اعتماد دے کر انہیں کھل کر کام کرنے کی چھوٹ دیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ اکثر فلموں کی شوٹنگ کے دوران یہی ہوا کہ انہیں نظر انداز کیا گیا، ان کی اداکاری کے بجائے ہیرو پو توجہ دی گئی، ماضی کی فلموں کے ایک سپر اسٹار تھے، جنہوں نے ان کے ساتھ کبھی فلم میں مناظر شوٹ نہیں کروائے، وہ مطالبہ کرتے تھے کہ ان کی اکیلے سین بنائے جائیں۔نیر اعجاز نے اداکار کا نام لیے بغیر کہا کہ ممکن ہے کہ وہ اس اداکار کا خوف ہو لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ فلموں میں ہیرو کے علاوہ باقی اداکاروں کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جاتا ہے، فلموں میں صرف اور صرف ہیرو کی اداکاری پر توجہ دی جاتی ہے، اسے بچانے اور کامیاب بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، اس کے علاوہ دیگر کرداروں پر کوئی توجہ نہیں ہوتی، جس وجہ سے فلمیں بھی اکثر
ناکام ہوجاتی ہیں۔
