بلوچستان میں وزارت اعلیٰ کی ڈھائی ڈھائی سالہ مدت کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا : شازیہ مری

مرکزی رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے بلوچستان میں وزارتِ اعلیٰ کی ڈھائی ڈھائی سالہ مدت کے مبینہ معاہدے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنانے سے متعلق کوئی سمجھوتا طے نہیں پایا تھا۔
سینئر رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی مجلس منتظمہ کے اجلاس میں ارکان نے حکومت کےخلاف تحفظات کا اظہار کیا جس پر صدر آصف علی زرداری نے ذمے داری لی کہ جو معاہدے ہوئے تھے ان پر عمل ہوگا تاہم بلوچستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت بننے سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا۔
رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا کہ شہباز شریف وزیر اعظم بننے کی خواہش لےکر جب پیپلز پارٹی کے پاس آئے تو کچھ باتیں طے ہوئی تھیں۔
واضح رہےکہ قبل ازیں بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں ڈھائی ڈھائی سال کی مدت کے معاہدے کی بازگشت سنائی دی گئی تھی۔ ن لیگ کے اراکین اسمبلی کا کہنا تھاکہ انہیں ان کی مرکزی قیادت نے ڈھائی ڈھائی سال کے معاہدے سے آگاہ کیاہے۔
آدھی مدت مکمل ہونےکےبعد وزیراعلیٰ بلوچستان مسلم لیگ (ن)سےہو گا،رہنما مسلم لیگ (ن)
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہاکہ ایسا کوئی معاہدہ ان کی نظر سے نہیں گزرا اور بلوچستان میں پی پی اپنے 5 سال کی مدت پوری کرےگی۔
