دشمن کی جارحیت کیخلاف فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں :ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور عوام ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوارہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے مردان کی مختلف یونیورسٹیوں اور مدارس کے اساتذہ و طلبہ کے ساتھ ملاقات کی۔ اس نشست میں عبدالولی خان یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مختلف مدارس کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر معرکۂ حق، حالیہ پاک–افغان کشیدگی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور قومی سلامتی سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبہ و اساتذہ کو دہشت گردی اور خوارج کے خلاف جاری موثر کارروائیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاک فوج دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ “دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔”
اس موقع پر طلبہ و اساتذہ نے ملک کے غازیوں اور شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خیبر پختونخوا کے نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔
