خیبرپختونخوا حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں : رانا ثنا اللہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں ہے۔ پی ٹی آئی آج جس مقام پر پہنچی ہے وہ ان کے اپنے فیصلوں اور طرز سیاست کا نتیجہ ہے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت متعدد مرتبہ دی، تاہم وہ مسلسل بات چیت سے گریزاں رہی۔ تحریک انصاف 2018 میں اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے اقتدار میں آئی اور اب چاہتی ہے کہ دوبارہ اسی طرح اسے اقتدار دلایا جائے، لیکن یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی آج جس مقام پر پہنچی ہے وہ ان کے اپنے فیصلوں اور طرز سیاست کا نتیجہ ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر تحریک انصاف نے اپنی صوبائی اسمبلیاں نہ توڑی ہوتیں تو شاید 9 مئی جیسے واقعات پیش نہ آتے۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کو یہاں تک کہاکہ اگر وہ ان سے براہِ راست بات نہیں کرنا چاہتے تو سپیکر چیمبر میں بات کرلیں،وہ خود وہاں پہنچ جائیں گے، تاہم پی ٹی آئی نے ہمیشہ ڈیڈلاک کو ترجیح دی، ڈائیلاگ کو نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمان سے خیبرپختونخوا حکومت گرانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔
لیگی رہنماہ کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی پرامن احتجاج کرے گی اور قانون ہاتھ میں نہیں لےگی تو یہ ان کا جمہوری حق ہے،جسے تسلیم کیا جائے گا۔
فضل الرحمان کی پی ٹی آئی کوکے پی میں عدم اعتماد کاحصہ نہ بننے کی یقین دہانی
یاد رہے کہ بدھ کے روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھاکہ وہ ریاست کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر آئینی طریقے سے ان کی حکومت گرائی گئی تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔