فیفا ورلڈکپ کیلئے آفیشل میچ بال متعارف

فیفا نے ورلڈکپ 2026 کیلئے آفیشل میچ بال "ٹریونڈا” لانچ کر دی۔
فیفا کی جانب سےاگلے سال منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے آفیشل میچ بال متعارف کرا دی گئی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور 3 میزبان ممالک ( امریکا، میکسیکو اور کینیڈا ) کی نمائندگی کرنے والے ڈیزائن پر مبنی ہے۔
اس فٹبال کا نام”ٹریونڈا” رکھا گیا ہے، جسے جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے ڈیزائن کیا ہے۔یہ نام3 میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا اور بال کے لہر نما ڈیزائن کی عکاسی کرتا ہے۔بال میں سرخ، نیلا اور سبز رنگ نمایاں ہے، جن کے ساتھ ہر میزبان ملک کا علامتی نشان شامل ہے۔
کینیڈا کی نمائندگی کے لیے میپل کے پتے، میکسیکو کے لیے عقاب اور امریکا کے لیے ستارے کا نشان بال پر ہےجبکہ بال پر موجود پیٹرن اتحاد کی علامت ہے۔
