ایل او سی پر پاک فوج کی جوابی کارروائی،بھارتی فوج کا ہیڈ کوارٹرتباہ

مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے پاندو سیکٹر میں پاک فوج نےبھارتی اشتعال انگیزی پر مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہیڈکوارٹر کو تباہ کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پانڈو سکیٹر میں پاکستان نے بھارتی فوج کیخلاف موثرجوابی کارروائی کی اور بھارت کو جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا۔پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر جوابی فائرنگ اور گوالہ باری کی اور بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا جبکہ بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر نانگا ٹک کو شدید نقصان پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے بھی پاک فوج کی مؤثر کاروائی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا، اس سے قبل بھی پاکستان کی مؤثرجوابی کارروائی کی بدولت بھارتی فوج کو کئی چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرانا پڑا تھا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول کے تین سیکٹرز پر بھارت نے دراندازی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔بھارتی فوج نے وادی نیلم میں کیل، کیرن اور ددھیال کے سیکٹرز پر پاکستان پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بروقت اور بھرپور جواب دیا جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق گولہ باری سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔نیلم کے ڈپٹی کمشنر نے بھارتی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں سے محفوظ اور محتاط رہنے کی اپیل کی اور انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دشمن کو شکست دیں۔