پاکستان بچوں کے کینسر کی ادویات کے پروگرام کا حصہ بن گیا

پاکستان کو گلوبل پلیٹ فارم فار ایکسیس ٹو چائلڈ ہُڈ کینسر میڈیسنزمیں شامل کرلیاگیا۔ ملک میں اگلے سال بچوں کے کینسر کی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور سینٹ جوڈ چلڈرنز ریسرچ اسپتال کے وفد سے ملاقات میں اس انتخاب کو ’’ایک اہم سنگ میل‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کےلیے باعث فخر ہے کہ اسے اس اہم عالمی پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا۔
ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 8,000 سے زائد بچوں میں کینسر کی تشخیص ہوتی ہے، جن میں سے بہت سے ادویات کی عدم دستیابی کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ’’کینسر کے شکار بچوں کو بروقت اور مؤثر علاج کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے۔‘‘