پاکستان کو دسمبر تک آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملنے کا امکان

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو دسمبر 2025 تک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط ملنے کی توقع ہے۔ وہ ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے مختلف عالمی مالیاتی اجلاسوں اور اہم ملاقاتوں میں شرکت کی۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد اجلاس منعقد کرے گا، جس میں معاہدے کی توثیق کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ قسط سال کے اختتام تک موصول ہو جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان پر کوئی ایسی شرط عائد نہیں کر سکتا جو قومی مفاد سے متصادم ہو۔ محمد اورنگزیب کے بقول، حالیہ اصلاحات ملکی معیشت کو استحکام دینے میں معاون ثابت ہوئی ہیں اور یہ تمام اقدامات پاکستان کی اپنی اقتصادی ترجیحات کے مطابق کیے گئے ہیں۔

دورہ امریکہ کے دوران، وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے مینیجنگ ڈائریکٹر مختار ڈیوپ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایگزِم بینک جلد ریکوڈک منصوبے میں شراکت اختیار کرے گا۔

انہوں نے جے پی مورگن کے اعلیٰ سطحی وفد سے بھی ملاقات کی، جہاں دوطرفہ مالیاتی تعاون کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔

اس کے علاوہ، وزیر خزانہ نے "لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ” کو فوری فعال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی و ٹیرف معاہدے پر آئندہ ایک یا دو ہفتوں میں پیش رفت متوقع ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیویارک کے معروف روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے متعلق حکومت حتمی فیصلے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

Back to top button