جنگ بندی معاہدہ خوش آئند ،افغان سرزمین سے حملوں کا خاتمہ ضروری ہے ، اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے ہر ممکن عملی اقدام کیا جانا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں گزشتہ شب طے پانے والے سیزفائر معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو "درست سمت میں اٹھایا گیا پہلا مثبت قدم” قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، قطر اور ترکیہ جیسے برادر ممالک کے تعمیری اور مصالحتی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کے مطابق، آئندہ اجلاس ترکیہ میں منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ایک مؤثر، قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر گفتگو کی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ اعتماد سازی اور سکیورٹی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پر فوری عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
