جنیوا میں امریکا-ایران معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا : شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امن کا سورج طلوع ہوگیا، ایران اور امریکا کے درمیان جنیوا میں امن معاہدے کی دستخطی تقریب پاکستان کی میزبانی میں 19 جون کو ہوگی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج دنیا نے امن کا تاریخی سنگ میل عبور کیا، جنگ کےبعد امن کا سورج طلوع ہوگیا ہے، 3 ماہ 16 دن کی بےپناہ آزمائشوں کےبعد ایران اور امریکا نے تمام محاذوں پر جنگ کے مستقل خاتمے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فریقین نے مشکل حالات میں بھی صبر، تحمل اور دانشمندی کا دامن نہیں چھوڑا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جینیوا میں ہونے والی امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرےگا،پاکستان سمیت پوری عالمی دنیا کو اس پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت، اپنی پارٹی کے لیڈر نواز شریف کا بھی تہہ دل سے شکرگزار ہوں جن کی رہنمائی مجھے ہر وقت میسر ہے،صدر مملکت آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اور تمام پارٹی کے سربراہوں کو مبارک باد دیتا ہوں، یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ یہ امن اور مکالمے کی فتح ہے، یہ سفارت کاری کی کامیابی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس معزز ایوان کے حوالے سے امریکا کے صدر ٹرمپ ،ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای،ایرانی صدر اور امن عمل میں شریک دونوں ٹیمز کے تمام اراکین کو مبارک باد دیتا ہوں،فریقین نے مشکل حالات میں تدبر،دانش اور صبر کا ہاتھ نہ چھوڑا،مذاکرات کے نازک،کٹھن اور صبر آزما عمل میں قطر کے امیر کے بھرپور تعاون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،قطر کے امیر نے انتہائی مثبت کردار ادا کیا،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر کی دور اندیش قیادت اور بھرپور تعاون کا بھی شکر گزار ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ذکر کیے بغیر تقریر نامکمل ہے،فیلڈ مارشل نے جنگ کے شعلےماند کرنے اور امن کےلیے دن رات کاوشیں کیں، قومیں ایسے قیمتی لمحات کےلیے صدیوں انتظار کرتی ہیں۔
عالمی برادری کا ایران-امریکا معاہدے کا خیرمقدم، پاکستان کی ثالثی پر تعریف
انہوں نے کہا کہ یہ عظیم لمحہ وطن عزیز کے ہر شہری کےلیے باعث فخر ہے،خلوص، استقامت اور دانشمندی سے اس مشکل مرحلے کا پار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امن عمل کےلیے غیر معمولی کوششیں بھی قابل ستائش ہیں،معیشت پر دباؤ کے باوجود قوم نے ملک پاکستان کا ساتھ دیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی امن عمل میں اہم امور انجام دیے۔
