ریفری تبدیل نہ کیاتو پاکستان ایشیا کپ کےبقیہ میچز نہیں کھیلے گا، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک بھارت میچ کے دوران کپتانوں کے ہاتھ نہ ملانے اور میچ ریفری کے نامناسب رویے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے گزشتہ روز ایشیا کپ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد آئی سی سی اور ایم سی سی کو تفصیلی احتجاجی خط ارسال کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں درست طور پر ادا نہیں کیں۔
تنازع کی تفصیل:
ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے کہا کہ "شیک ہینڈ نہیں ہوگا” اور اس سے قبل پاکستان کے میڈیا منیجر کو یہ بھی کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
میچ کے اختتام پر پاکستان ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا، جس پر اینڈریو رسل نے جواب دیا کہ "یہ دراصل بھارتی بورڈ کی ہدایات ہیں” اور مزید کہا کہ یہ بھارتی حکومت کی ہدایت پر کیا گیا۔
پی سی بی کا احتجاجی خط:
پی سی بی نے خط میں ایم سی سی قوانین اور آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میچ ریفری کا رویہ "اسپرٹ آف دی گیم” کے خلاف ہے اور انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میچ ریفری نے کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا اور ان کا کنڈکٹ ایم سی سی قوانین کے بھی منافی ہے، جو کہ ایک بڑی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیش آئے واقعے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو ایشیا کپ میں مزید میچز نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ہٹایا جائے ورنہ پاکستان باقی ایونٹ کا بائیکاٹ کرے گا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تصدیق کی کہ آئی سی سی کو باضابطہ شکایت درج کرائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میچ ریفری نے کھیل کی اسپرٹ اور آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، جس پر سخت ایکشن ضروری ہے۔
محسن نقوی کے مطابق پی سی بی نے ایشیا کپ سے اینڈی پائی کرافٹ کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت میچ میں ٹاس سے قبل میچ ریفری نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا، جس پر پاکستان کے ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے سخت احتجاج کیا تھا۔
