پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سربراہ سانحہ مری کے ذمہ دار قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سانحہ مری کا ذمہ دار پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کو قرار دیدیا، مری کے رہائشی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سارا کام ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا تھا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے سانحہ مری کیس میں کہا کہ تمام ذمہ داری پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی ہے،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سانحہ مری کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیلئے مری کے رہائشی کی درخواست پر سماعت کی۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا کہ ایک ہی مسئلہ تھا کہ این ڈی ایم اے قانون پر عمل نہیں ہو رہا تھا، پٹیشنر کے وکیل نے کہا صرف افسران کو عہدوں سے ہٹانا کافی نہیں، ایکشن بھی ہونا چاہئے۔
چیف جسٹس نے کہا قانون کے مطابق تو سارا کام ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا تھا، یہ بات طے ہو گئی ہے کہ پالیسی میکنگ باڈی کی کبھی میٹنگ نہیں ہوئی، تمام ذمہ داری پنجاب کے سربراہ کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پٹیشن آنے تک قانون پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا، اب اس سے متعلق ایکشن بھی لے لیا گیا، جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے قانون کو دیکھنا ہے لیکن صوبوں میں بھی اس قانون کے تحت ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی میٹنگز نہیں ہوئیں، اگر کچھ ہوا تو قانون کے مطابق وہ سب ذمہ دار ہوں گے۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کی میٹنگ کے لیے این ڈی ایم اے نے سفارش کی ہے وہ بھی ہوگی۔
