افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے بغیر امن ممکن نہیں ، سلمان اکرم راجہ

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مسائل طے کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا اور جب تک باہمی مذاکرات نہیں ہوں گے خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہوگا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ اپوزیشن کی کوشش تھی کہ پارٹی میں اختلاف پیدا کیا جائے مگر وہ ناکام ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن غیر سنجیدہ بیانات دے رہی ہے اور جمہوری عمل جاری و ساری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حلف کے روکے جانے کا کوئی ٹھوس جواز موجود نہیں؛ اگر آج نہ ہوا تو کل حتمی طور پر ہو جائے گا۔ سہیل آفریدی پہلے بھی وزیر رہ چکے ہیں اور ان کے گرد ایک تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔ سلمان اکرم نے سوال اٹھانے والوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی مثال بھی سامنے ہے، اس طرح کے اعتراضات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا پاکستان تحریکِ انصاف کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے پاکستان پر حملے افسوس ناک ہیں، تاہم سرحدیں بند کرنا حل نہیں کیونکہ دونوں ممالک کے لوگوں کی معاشی سرگرمیاں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال ایسی ہونی چاہیے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو — اور یہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!