پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنز سے ہرا دیا

پی ایس ایل 7 میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنز سے ہرا دیا، لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باؤلنگ کی دعوت دی، پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا کیونکہ حضرت اللہ زازئی دوسرے اوور میں پانچ کے مجموعی سکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، 6 کے مجموعی سکور پر لیام لیونگسٹن بھی پویلین لوٹے، جس کے بعد محمد حارث اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنے کی کوشش کی تو حارث غلام مدثر کی گیند پر اُن ہی کے ہاتھوں 58 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک اور حسین طلعت نے 73 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کو مشکل سے نکالا، اس دوران شعیب ملک نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر وہ 131 کے مجموعی سکور پر 41 گیندوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، نئے آنے والے کھلاڑی ردر فورڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، پھر بین کٹنگ 36 رنز کی اننگز کھیل کر 182 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

آفریدی کے PSL چھوڑنے پر مداحوں کا اظہار افسوس

حسین طلعت نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تو وہ آخری اوور میں جارحانہ بازی کے چکر میں کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 33 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور 184 کے مجموعی سکور پر پویلین روانہ ہوئے۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، شعیب ملک 58 اور حسین طلعت 51 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ نے 4، خرم شہزاد، غلام مدثر اور افتخار احمد نے 1،1 کھلاڑی کو شکار بنایا۔

پشاور زلمی کے 186 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا کیونکہ 24 اور 29 کے مجموعی سکور پر دو اہم کھلاڑی آؤٹ ہوئے، بعد ازاں سرفراز احمد نے ول اسمیڈ کے ساتھ ذمہ دارانہ شراکت داری کرنے کی کوشش کی تو کپتان سرفراز 82 کے مجموعی سکور پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسرے اینڈ پر موجود ول اسمیڈ نے اپنی نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کو جیت کے قریب لیجانے کی کوشش کی۔

اس کے بعد افتخار احمد 10 رنز بناکر 124 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے جب کہ عمر اکمل بھی صرف ایک رن بنا کر پوویلین لوٹے۔ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر ول اسمیڈ کی 99 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی، سہیل تنویر دو رنز ہی بناسکے، جیسن رائے 13 اور جیمز ونس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ زلمی کی جانب سے عثمان قادر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سلمان ارشاد نے دو وکٹیں حاصل کیں، لیام لیونگ سٹون ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

Back to top button