وزیراعظم نےملک بھر میں گھریلو گیس کنکشن کھولنے کا اعلان کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشنز کھولنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ گھریلو گیس کنکشنز کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ “آج پاکستان کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے، اب ملک بھر میں گھریلو سطح پر گیس کنکشنز بحال کیے جا رہے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کے قیام کے وقت ملک کو شدید مالی اور توانائی بحران کا سامنا تھا، جس کے باعث نئی گیس فراہمی ممکن نہیں تھی۔
“ہر طرف سے دباؤ تھا کہ گیس کنکشنز دیے جائیں، مگر ہمیں فراہمی کی مشکلات کے باعث درخواست دہندگان سے معذرت کرنا پڑی،” وزیراعظم نے کہا۔

شہباز شریف نے مزید بتایا کہ گیس کے انفرااسٹرکچر اور پائپ لائن کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز پہلے ہی جاری کیے جا چکے تھے، مگر گیس کی دستیابی نہ ہونے کے باعث منصوبہ مؤخر کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ “اب وہ وقت آ گیا ہے کہ پورے پاکستان میں گھریلو صارفین کے لیے ری گیسیفائیڈ لیکویڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کے کنکشنز جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے لاکھوں گھروں کو معیاری ایندھن دستیاب ہوگا۔”

وزیراعظم نے بتایا کہ اب تک لاکھوں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو حکومت پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “یہی وہ تسلسل ہے جو میاں نواز شریف کے دورِ حکومت سے چلا آ رہا ہے۔ 2013 میں جب نواز شریف تیسری مرتبہ وزیراعظم بنے تو ملک میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، لیکن ان کی قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکالا گیا۔”

Back to top button