وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات، اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات عرب اسلامک سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ میں ہونے والے اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی پرزور مذمت کی۔ انہوں نے قطر کی جانب سے سمٹ بلانے کے فیصلے کو سراہا جبکہ امیرِ قطر نے اجلاس میں شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں قطر کے ساتھ ہے اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت فوری طور پر بند کی جائے، آج مسلم امہ کے اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
