توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دو فوجی افسران طلب

اسلام آباد میں سپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 2 فوجی افسران کو بطور گواہ طلب کر لیا۔

 اڈیالہ جیل میں 6 گھنٹے طویل کارروائی کے دوران عدالت نے 2 اہم گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کی، جن میں ایک وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی بھی شامل تھے۔ یہ کیس توشہ خانہ کے قیمتی جیولری سیٹ کو رکھنے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔

خصوصی جج سینٹرل شہریار ارجمند نے سماعت کے دوران بتایا کہ دفاعی ٹیم نے وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی اور سابق وزیر اعظم کے پرسنل سیکریٹری انعام شاہ سے تفصیلی جرح کی۔

یکم جنوری تا 30 جون 2025: توشہ خانہ میں جمع تحائف کی فہرست جاری

عدالت نے اگلی سماعت پر مزید دو گواہوں کو طلب کیا ہے، جن میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے ملٹری سیکریٹری بریگیڈیئر محمد احمد اور ڈپٹی ملٹری سیکریٹری کرنل ریحان شامل ہیں۔

سماعت کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ ان کی تین بہنیں اور دفاعی وکیل بیرسٹر علی ظفر بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔

Back to top button