کالعدم تنظیم نے 8 اہلکاروں کو اغوا کر لیا، آزاد کشمیر پولیس کا رہائی کا مطالبہ

آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم نے 8 پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا، جبکہ مغوی اہلکاروں پر تشدد بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیم مغوی پولیس اہلکاروں کو فوری رہا کرے، بصورت دیگر اہلکاروں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں سنگین نتائج ہوں گے۔
کالعدم تنظیم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذریعے ہائی وے پولیس اہلکاروں کے اغوا کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ راولاکوٹ میں عوام کی زندگی اجیرن کردی گئی، جبکہ خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام پرتشدد احتجاج کو مسترد کرتے ہیں اور عوام نے تنظیم سے رابطے منقطع کرلیے ہیں۔ کالعدم تنظیم نے 8 پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا، مغوی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا اور اس کے شرپسندوں نے لوگوں کو دھمکیاں دیں۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ریاست نہ پہلے کمزور تھی اور نہ اب کمزور ہے۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ کالعدم تنظیم مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرے، مغوی اہلکاروں کو نقصان ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے۔ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں شرپسندوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھیں۔ کالعدم تنظیم کا واحد مقصد ریاستی عملداری کو کمزور کرنا ہے۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ پرتشدد کارروائیاں واضح کرتی ہیں کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نہ صرف ریاست بلکہ ریاستی نظام کو بھی سنگین نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ شرپسندوں نے نہ صرف ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا بلکہ عام عوام کی زندگی بھی اجیرن بنا دی۔
امریکا ایران کیخلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش نہ کرے: پاسداران انقلاب
انہوں نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کسی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔
