احتجاج سے قیدی رہا نہیں ہوتے، گورنر خیبرپختونخوا کی  گنڈاپور پرتنقید

خیبرپختونخوا کےگورنرفیصل کریم کنڈی نےوزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئےکہاکہ صوبائی حکومت کا فوکس صرف جلسےاورجلوسوں پرہے۔جلسےاورجلوسوں سے قیدی رہا نہیں ہوتے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کےپریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ کے پی کا گھمبیر مسئلہ لا اینڈ آڈر ہےاور صوبائی حکومت امن وامان کے حوالے سےمکمل ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس صرف جلسے جلوسوں پر ہےاور ان کا خیال ہے کہ ایسے عمل سے انکا بانی رہنما رہا ہو جائے گا، جلسے جلوسوں سےکوئی قیدی رہا نہیں ہوتے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی کی عوام اور ان کےوسائل احتجاج و جلسوں میں استعمال ہورہے ہیں، صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں میں تنخواہیں نہیں دی جارہیں، کے پی میں روز فوجی جوانوں کےجنازےاٹھا رہےہیں اوریہ کہتے ہیں کہ فوج صوبے سے نکل جائے۔پولیس پر مکمل اعتماد ہے لیکن جو سہولت فوج کے پاس ہے وہ پولیس کےپاس نہیں، دلیل اور دلائل سے وفاق سے پیسے لیں، بدمعاشی سے صوبے کو کچھ نہیں ملنے والا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ ڈی آئی خان میں جلد بلاول بھٹو لفٹ کینال کا افتتاح کریں گے جس سے سبز انقلاب آئےگا۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے دہشت گردی کا مقابلہ منصوبہ بندی کے ساتھ کریں۔وزیراعلی سے غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی، انتظامیہ لا اینڈ کا نفاذ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، پاراچنار میں ایک ماہ سے روڈ بند ہیں  اور حکومت مسئلے کے حل کیلیے کوئی اقدامات نہیں کررہی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 24نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کی کال دی گئی ہے ۔عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں موجود ہیں اور گزشتہ روز احتجاج کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت بھی کی تھی اور رہنماؤں  کو اہم ذمہ داریاں سونپی تھیں۔

Back to top button