بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات قابلِ تشویش ہیں : آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر نے بھارت کی جانب سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات کو ”اشتعال انگیز اور خطرناک“ قرار دیتےہوئے ان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ان بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام خطرے میں پڑسکتا ہے اور یہ جارحیت کی نئی کوششوں کی علامت ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہےکہ بھارتی جارحیت نے دونوں ایٹمی طاقتوں کو جنگی تصادم کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا، بھارت شاید اپنے تباہ شدہ لڑاکا طیاروں اور پاکستان کے دور تک مار کرنےوالے ہتھیاروں کی تباہ کاریوں کو بھول گیا ہے،بھارت اجتماعی بھول کا شکار ہوکر اب ایک نئے تصادم کی خواہش میں مبتلا دکھائی دیتا ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق یہ غیرذمہ دارانہ بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارت ایک بار پھر جارحیت کےلیے من گھڑت بہانے تراشنے کی کوشش کررہا ہے، ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کےلیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت نے خود کو مظلوم اور پاکستان کو منفی انداز میں پیش کرنےکا فائدہ اٹھایا ہے،در حقیقت بھارت جنوبی ایشیا اور اس سے آگےتک تشدد کو ہوا دینےاور دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت کا یہ بیانیہ اب پوری طرح بےنقاب ہوچکا ہے،آج دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام کے مرکز کےطور پر تسلیم کرتی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ مستقبل میں کوئی تنازع قیامت خیز تباہی کا باعث بن سکتا ہے،اگر دشمن نے دوبارہ مخاصمت کا سلسلہ شروع کیاتو پاکستان پیچھے نہیں رہےگا، ہم بلاجھجھک اور بلاکسی پابندی کے فیصلہ کن جواب دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جو لوگ کوئی نیا طرز عمل قائم کرنا چاہتے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے۔پاکستان نے پہلے ہی ردِعمل کا ایک نیا معیار قائم کردیا ہے، پاکستان کا ردِعمل تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔
پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے پاس دشمن کے ہر کونے میں لڑائی لےجانے کی صلاحیت اور عزم موجود ہے۔اس بار ہم جغرافیائی استثنیٰ کے تصور کو توڑ دیں گے اور بھارتی علاقے کی دور دراز حدود تک نشانہ بنائیں گے،جہاں تک پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات ہے، بھارت کو واضح طور پر معلوم ہوناچاہیے،اگر ایسے حالات پیش آئے تو ایک طرف نہیں دونوں طرف کو نقصان ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے دعویٰ کیاتھا کہ مئی میں ہونےوالی جنگ کے دوران بھارت نے پاکستان کے ایف 16 اور جے ایف 17 کلاس کے 5 پاکستانی لڑاکا طیارے مار گرائےتھے۔جب کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے رواں ہفتے کے اوائل میں کہا تھاکہ ہمارے سپاہیوں کے پاس ہتھیار بھی ہیں اور بلند حوصلہ بھی،کوئی چیلنج ہمارےسامنے کھڑا نہیں ہوسکتا، چاہے وہ دہشت گردی ہو یا کوئی اور قسم کا مسئلہ،ہم ان سب کا مقابلہ کرنے اور انہیں شکست دینےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔
