برطانیہ کےلیے پی آئی اے کا پروازیں 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانچسٹر سے اسلام آباد تک نان اسٹاپ پروازیں چلائیں جائی گی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتظار ختم ہوا، پی آئی اے فخر کے ساتھ مانچسٹر اور اسلام آباد کو دوبارہ جوڑ رہی ہے اور پیاروں کو ایک دوسرے کے قریب لارہی ہے۔
قومی ایئرلائن کے مطابق پروازوں کی بکنگ کھول دی گئی ہے اور مسافروں کےلیے انتہائی مناسب کرایے متعارف کروائے گئے ہیں۔
پی آئی اے ترجمان نے مزید کہاکہ اب ہمارے ہم وطن 15 گھنٹے کے بجائے صرف 8 گھنٹے میں اپنی منزل پر پہنچ سکیں گے۔ہمارا مشن ہےکہ مسافروں کو آرام دہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ سفر فراہم کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں مانچسٹر کےلیے پروازیں شروع کی جائیں گی،جس کے بعد برمنگھم اور لندن کےلیے پروازیں بھی بحال کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ جولائی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ‘ایئر سیفٹی لسٹ‘ سےنکال دیاتھا، جس کےبعد پاکستانی ایئر لائنز کو برطانیہ میں پروازوں کےلیے درخواست دینے کی اجازت ملی تھی۔
