پی ٹی آئی کا عمران خان کی رہائی کیلئےجلسہ کرنے کااعلان

تحریک انصاف نے نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ماہ ستمبر میں عدلیہ کی آزادی، جمہوریت کی بحالی اور بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے ایک بڑا جلسہ کیا جائے گا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان کو جیل میں سہولیات بحال کر دی گئی ہیں، جن میں اخبار اور کتابوں کی فراہمی بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین ماہ بعد عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، جس پر بے حد خوشی ہوئی۔ ملاقات کے دوران ملکی حالات، پارٹی معاملات اور خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ عمران خان نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ ہمیشہ مفاہمت کی کوشش کرتے ہیں اور جلسے کی تیاری بھی اسی جذبے کے ساتھ کی جارہی ہے۔

سلمان اکرم راجا کے استعفے سے متعلق سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے کبھی استعفیٰ دیا ہی نہیں، لہٰذا منظوری یا نامنظوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

Back to top button