پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں خوش آمدید کہیں گے

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے تحریک انصا ف کو قومی اسمبلی میں خوش آمدید کہیں گے ، تاہم قومی اسمبلی میں واپسی کیلئے تحریک انصاف کو اپنے استعفے واپس لینے ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قومی اسمبلی میں واپس آنے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو ویلکم کریں گے، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ اسمبلی میں واپس آئیں، سیاستدان بنیں۔
رانا ثنا اللہ نے یہ کہا کہ پی ٹی آئی واپس آئے تو اسپیکر ان کے استعفے واپس دے سکتے ہیں، یہ ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہے ہیں، پنجاب میں بھرپور الیکشن لڑیں گے۔
کیا اسٹیبلشمنٹ فوری الیکشن کروانے کے موڈ میں ہے؟
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دے دیا ہے۔لاہور میں صحافیوں سےگفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، نگران سیٹ اپ کیلئے قومی اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کے ایم این اے رابطے میں ہیں، پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے پھر اپنی پارٹی میں شامل کریں گے۔
