راولپنڈی،پولیس نے 26نمبرچونگی پرپی ٹی آئی کے کارکنوں کومنتشرکردیا

سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف کا راولپنڈی میں 26 نمبر چونگی پر دھرنا،پولیس نےدھاوا بول کرتحریک انصاف کے کارکنوں کو منتشرکردیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی اور عمران خان کی بہنیں بھی واپس روانہ ہو گئیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل جاتے ہوئےوزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کے قافلے اور عمران خان کی بہنوں کو 26نمبرچونگی پرہی روک لیاگیاتھا۔
پولیس نے 26نمبرچونگی سے جانے والے تمام راستے بھی کھول دیئے۔تحریک انصاف کے دھرنے کے باعث چاروں اطراف کئی کلو میٹر تک ٹریفک جام رہی۔
26 نمبر چونگی کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اڈیالہ جیل جانے سے روکنے کیلئے رکاوٹیں لگاکر بند کردیاگیا تھا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 26 نمبر چونگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج بھی پرامن طریقے سےبانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے ہیں، کارکنوں نے ہر موقع پر تحمل کا مظاہرہ کیا، ایک صوبےکےچیف ایگزیکٹیو اور پوری کابینہ کوراستے میں روکنا امتیازی سلوک ہے، اب منتخب صوبائی قیادت کا راستہ بھی روک دیا گیا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی، وکلا، ذاتی ڈاکٹروں سےملاقاتیں بنیادی انسانی حقوق کاتقاضا ہیں، انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کے مسئلے کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی مرضی کےاسپتال میں علاج کی سہولت دی جانی چاہیے۔
سہیل آفریدی نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنےسیاسی مخالفین کے علاج کے معاملے میں فراخدلی کا مظاہرہ کیاتھا، ہمارا کوئی غیر قانونی یاغیر آئینی مطالبہ نہیں صرف بنیادی انسانی حقوق کی بات کررہے ہیں۔
