ایشیائی بینک نے پاکستان کیلئے32کروڑ ڈالرقرض کی منظوری دیدی

ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک   اور پاکستان کے درمیان قومی شاہراہ این-5 کے اہم حصوں کی تعمیرِ نو اور بحالی کے لیے 32 کروڑ ڈالر (320.16 ملین ڈالر) کے قرضے کا معاہدہ طے پا گیا ہے، یہ شاہراہ کراچی سے لے کر افغان سرحد کے قریب طورخم تک پھیلی ہوئی ہے اور اسے ملکی مواصلاتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی مانا جاتا ہے۔

اہم معاہدے پر پاکستان کی جانب سے اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری محمد ہمیر کریم کڈوائی اور بیجنگ میں قائم بینک کی طرف سے چیف انوسٹمنٹ آفیسر کونسٹنٹین لیمیٹوسکی نے دستخط کیے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی موجود تھے، جبکہ بینک اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے درمیان ایک علیحدہ پروجیکٹ معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

وفاقی وزیر احد خان چیمہ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہوگا بلکہ علاقائی روابط، تجارتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے ترقیاتی شعبے میں پاکستان کی مسلسل مدد کرنے پر بینک کی طویل المدتی شراکت داری کو سراہا۔

بینک کے چیف انوسٹمنٹ آفیسر نے واضح کیا کہ این-5 کی تعمیرِ نو جدید، ماحول دوست اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والےڈیزائن کے تحت کی جائے گی، تاکہ یہ بین الاقوامی تجارتی راہداری طویل عرصے تک پائیدار رہ سکے۔

Back to top button