میرے پاس تم ہو’ کی رحمت کے ہاں ننھے مہمان کی آمد

ہٹ پاکستانی ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں عائشہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ و ماڈل رحمت اجمل کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے، بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رحمت اجمل نے بتایا کہ ان کے ہاں چند دن قبل 16 جنوری کو بیٹے کی پیدائش ہوئی، انہوں نے پوسٹ کے ساتھ نوزائیدہ بچے کے ہاتھوں کی تصاویر سمیت اپنی حمل کی پرانی تصاویر بھی شیئر کیں۔ اداکارہ نے بچے کی پیدائش کے لیے سجائے گئے گھر اور کمرے کی تصاویر بھی شیئر کیں، انہوں نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے اس کا نام بھی بتایا اور ساتھ ہی بیٹے کے نام کا مفہوم بھی سمجھایا، اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے کا نام ’رعید‘ رکھا ہے، جس کا مطلب سربراہ یا ہدایت دینے والا ہوتا ہے۔

اجمل رحمت نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش پر ایک جذباتی پیغام بھی لکھا کہ انہوں نے نئی زندگی کو 9 ماہ تک اپنے پیٹ میں رکھا اور 17 گھنٹے تک ان کی پیدائش سے قبل تکلیف برداشت کی اور پھر ایمرجنسی میں انہوں نے آپریشن بھی کروایا۔ اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوزائیدہ بچے کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اب وہ ہر روز ان سے کوئی نہ کوئی چیز سیکھتی رہیں گی، اداکارہ کی جانب سے اپنے ہاں پہلے بچے کی تصدیق کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔ شوبز شخصیات کے علاوہ مداحوں نے بھی اداکارہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے اور بچے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اگرچہ اداکارہ نے تصدیق کی کہ ان کے ہاں آپریشن کے ذریعے ہسپتال میں بچے کی پیدائش ہوئی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کون سے شہر میں بچے کو جنم دیا اور اب وہ کہاں ہیں؟

یاد رہے کہ اجمل رحمت نے مارچ 2021 میں منگنی کے 6 ماہ بعد طیب اسلم سے شادی کی تھی۔اداکارہ و ماڈل نے اکتوبر 2020 میں کرونا کے دوران سادگی سے لاہور میں منگنی کی تھی۔ رحمت اجمل نے اے لیول کرنے کے بعد لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے 2018 میں ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں گریجویشن کیا تھا، ایک ٹیچر کے مشورے پر دوران تعلیم انہوں نے ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور بعدازاں اداکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی۔ رحمت نے پاکستانی گلوکار علی سیٹھی کی 2 میوزک ویڈیوز ’دل لگائیں‘ اور ’دل کی خیر میں اداکاری کی، گانوں میں ماڈلنگ کے علاوہ انہوں نے ’میرے پاس تم ہو‘ سمیت متعدد ڈراموں میں مختصر اور مرکزی کردار بھی ادا کیے اور وہ ایک کاروباری خاتون بھی ہیں۔وہ ایک آن لائن کلاتھنگ اینڈ ڈیکور سٹور کی بانی بھی ہیں۔

انمول بلوچ فلموں میں فحش آئٹم سانگ کرنے سے انکاری

Back to top button