عالمی دباؤ پر بھارت میں رائٹرز کا ایکس اکاؤنٹ بحال

بھارت نے بین الاقوامی میڈیا کی شدید تنقید کے بعد خبررساں ادارے رائٹرز کا ایکس اکاؤنٹ بحال کر دیا، جسے قانونی مطالبے کی بنیاد پر عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی بندش نے نہ صرف بھارتی حکومت کی میڈیا پالیسیوں پر سوالات اٹھائے بلکہ عالمی سطح پر بھی بھارت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ عالمی ردعمل کے بعد بالآخر رائٹرز کا ایکس اکاؤنٹ بھارت میں دوبارہ فعال کردیا گیا، تاہم اس پیش رفت نے بھارت میں آزادی صحافت اور اطلاعات کی دستیابی کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی جانب سے رائٹرز کی سوشل میڈیا ٹیم کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا کہ بھارت میں آپ کے اکاؤنٹ پر عائد پابندی ختم کی جا رہی ہے، تاہم اس فیصلے کی وجوہات کی مزید وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔
بھارتی حکومت کے ترجمان نے اس معاملے پر موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کسی سرکاری ادارے نے رائٹرز کے اکاؤنٹ کو معطل کرنے کی درخواست نہیں دی تھی، لیکن اس وضاحت کے باوجود معطلی اور پھر اچانک بحالی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔
رائٹرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ اس مسئلے کو حل کرنے کےلیے ایکس سے مسلسل رابطے میں تھا، جب کہ بھارتی حکام کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ اس اقدام میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔
قطر میں اسرائیل اور حماس کے مذاکرات بے نتیجہ، فریقین میں ڈیڈ لاک برقرار
رائٹرز کا مرکزی اکاؤنٹ جس کے دنیا بھر میں 25 ملین سے زائد فالوورز ہیں، ہفتے کی رات بھارت میں بلاک کیاگیا تھا۔ اس دوران بھارتی صارفین کو ایک نوٹس دکھایا گیا جس میں کہا گیاکہ اکاؤنٹ کو قانونی تقاضے کے تحت بھارت میں محدود کیا گیا ہے۔