صائم ایوب آئی سی سی کے نمبر ون ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر بن گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے نمبر ون آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
رینکنگ کے مطابق، بھارت کے ابھیشیک شرما نے بلے بازوں میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے 11 درجے ترقی کے بعد 13ویں نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ بھارت کے سنجو سیمسن نے 8 درجے بہتری سے 31ویں پوزیشن حاصل کی۔
سری لنکا کے پاتھم نسانکا 2 درجے بہتری سے پانچویں نمبر پر آ گئے، جبکہ بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو 2 درجے تنزلی کے بعد آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے۔
پاکستان کے سینئر بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان کی رینکنگ میں بھی کمی دیکھی گئی۔ بابر اعظم 2 درجے نیچے آ کر 37ویں، اور محمد رضوان 3 درجے تنزلی کے بعد 41ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورون چکرورتی کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
پاکستان کے ابرار احمد 3 درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آ گئے، جبکہ شاہین آفریدی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 12 درجے ترقی کے ساتھ 14ویں نمبر پر جگہ بنائی۔
بھارت کے کلدیپ یادیو نے 9 درجے چھلانگ لگا کر 12ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان کے حارث رؤف 5 درجے نیچے جا کر 33ویں نمبر پر آ گئے۔
اس کے علاوہ، محمد نواز 5 درجے ترقی پا کر 41ویں پوزیشن پر پہنچے۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب نے بڑی کامیابی حاصل کی، اور 4 درجے ترقی کے ساتھ بھارت کے ہاردیک پانڈیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔
پاکستان کے محمد نواز بھی 4 درجے بہتری سے 13ویں پوزیشن پر آ گئے، جبکہ فہیم اشرف 4 درجے ترقی کے ساتھ 35ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
