دبنگ خان آن لائن سٹریمنگ فحاشی کیخلاف پھٹ پڑے

بال یووڈ بھائی جان نے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر گالم گلوچ اور فحاشی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے کو اب بند ہونا چاہئے، سلمان خان نے اس پر بھی زور دیا کہ فلم میکرز حدود عبور نہ کریں جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی سینسرشپ ہونی چاہئے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اوور دی ٹاپ یعنی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر کئی بڑے اداکاروں نے اپنا ڈیبیو کیا ہے لیکن سلمان خان کا مکمل ڈیجیٹل ڈیبیو ابھی تک رہتا ہے۔
او ٹی ٹی مواد کے بارے میں بات کرتے ہوئے سلمان خان نے ایک تقریب میں کہا کہ میں یہ ضرور سمجھتا ہوں کہ اس میڈیم پر سینسرشپ ہونی چاہئے۔اس پر گالم گلوچ اور فحاشی کو ختم ہونا چاہئے۔ 15، 16 سال کے بچے یہ سب دیکھ سکتے ہیں۔ کیا آپ چاہیں گے آپ کی بیٹی بھی یہ سب دیکھے؟
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال سے او ٹی ٹی پر آنے والے مواد کو چیک کرنا چاہئے۔ مواد جتنا صاف ہوگا اتنا بہتر ہوگا اور اسے زیادہ لوگ دیکھیں گے۔
او ٹی ٹی پر کام کرنے والے اداکاروں کے بارے میں بالی وُڈ کے ’بھائی‘ کہتے ہیں کہ ’آپ نے پیار محبت، بوس و کنار اور عریاں سین سب کر لیے۔ جب آپ اپنے گھر واپس آتے ہو تو آپ کے گھر کا چوکیدار بھی وہ سب مواد دیکھتا ہے۔ میرے خیال سے یہ سب ٹھیک نہیں ہے۔
ہمیں یہ سب نہیں کرنا چاہئے۔ انڈیا میں رہتے ہیں، تھوڑا بہت ٹھیک ہے لیکن درمیان میں زیادہ ہوگیا تھا، اب جا کر تھوڑا قابو میں آیا، اب لوگوں نے اچھا اور معیاری مواد بنانے پر کام شروع کر دیا ہے۔
سلمان خان کی آخری مرتبہ ریلیز ہونے والی فلم ’رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘ تھی جوکہ 2021 میں کرونا کی وبا کے باعث سنیما گھروں اور آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو پر ایک ساتھ ریلیز ہوئی تھی لیکن زی فائیو پر اسے پے پر ویو فارمیٹ یعنی سنیما کی طرح پیسے دے کر شو دیکھنے کی طرز پر ریلیز کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سلمان خان کی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ بھی عید الفطر پر ریلیز ہونے کو تیار ہے، کسی کا بھائی کسی کی جان 21 اپریل کو انڈیا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
فلموں کے ڈیٹا کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق اس فلم کی کہانی فیملی کے بڑے بھائی کے گرد گھومتی ہے جو شادی نہیں کرنا چاہتا جس کے بعد اس کے بقیہ بہن بھائی مل کر اس کے لیے رشتہ ڈھونڈتے ہیں۔
فرہاد سمجی کی ہدایتکاری میں بننے والی ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں سلمان خان کے ساتھ پوجا ہیگڑے ہیروئن کا کردار نبھا رہی ہیں جبکہ اس فلم کے ایک گانے میں جنوبی انڈیا کے سپرسٹار رام چرن بھی نظر آئیں گے۔

’’کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نورجہاں کی زندگی خطرے میں‘‘

Back to top button