اداکارہ پرینیتی چوپڑا، راگھو چڈا کی منگنی کی تاریخ کا اعلان

معروف بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈا کی منگنی کی تاریخ سامنے آ گئی ہے، دونوں دس اپریل کو ایک دوسرے کو منگنی کی انگوٹھی پہنائیں گے۔
بھارتی اداکارہ اور راگھو چڈا کے درمیان افیئر کی خبریں کافی عرصے سے گرم ہیں اور اب بھارتی میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کی منگنی 10 اپریل کو ہونا طے پائی ہے۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈا مارچ 2022 سے میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہیں جب دونوں کو ڈنر پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، اگلے دن دونوں لنچ پر بھی ساتھ پائے گئے تھے۔
دونوں نے اپنے رشتے کو اب تک خفیہ رکھا ہوا ہے اور ذرائع کے مطابق 10 اپریل کو منگنی کے بعد وہ اس کا باضابطہ اعلان کرنے والے ہیں۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈا نے ایک ساتھ لندن اسکول آف اکنامکس میں پڑھے ہیں، اور وہ کافی عرصے سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔
بھارتی اداکارہ کو گزشتہ روز ممبئی ائرپورٹ پر دیکھا گیا جہاں راگھو سے تعلق کے سوال پر اداکارہ نے براہ راست کوئی جواب نہیں دیا اور کہا کہ وہ لندن جا رہی ہیں، صحافی کے سوال پر وہ خوشی سے مسکرا رہی تھیں۔
اداکارہ اب تک درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جہاں ان کے کام کو کافی سراہا گیا ہے، اداکارہ پرنیتی چوپڑا نے اپنی پہلی فلم 2011 کے دوران لیڈیز ورسز رکی باہی کے نام سے کی، ان کی دوسری ریلیز ہونے والی فلم عشق زادے تھے جس کو سینما سکرینوں پر بے حد پسند کیا گیا، اس کے بعد 2013 میں اداکارہ کی تیسری فلم شدھ دیسی رومانس نامی فلم ریلیز ہوئی جس میں ان کی اداکاری کی بے حد تعریف کی گئی۔
اداکارہ نے 2014 میں ہنسی تو پھنسی، دعوت عشق، کل دل ، اور دور جیسی فلموں میں کام کر کے خوب شہرت کمائی، اداکارہ کی 2016 میں فلم ڈیشوم ریلیز ہوئی تھی جبکہ 2017 میں ان کی فلم میری پیاری بندو، گول مال اگین کو بھی کافی پسند کیا گیا تھا۔
پرنیتی کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم نمستے انگلینڈ تھی جس کو مداحوں نے کافی پسند کیا، اس کے بعد 2019 میں اداکارہ کی فلمیں کیسریا، جبریا جوڑی، دی گرل آن دی ٹرین نامی فلمیں ریلیز ہوئیں۔2021 میں اداکارہ کی فلم سندیپ اور پنکی فرار، سینا، کوڈ نیم ترنگا، اونچائی نے سینما سکرینوں پر خوب دھوم مچائی ۔
