سرفراز احمد کی سلمان بٹ پر تنقید، ملک بیچنے کا الزام لگادیا

سابق اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے موجودہ کپتان سرفراز احمد نے سلمان بٹ کا نام لیے بغیر ان پر ملک بیچنے کا الزام لگایا دیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آن ڈیوٹی بیچنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے گا پھر تو اللہ ہی حافظ ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد آج کل اپنے آن فیلڈ برتاؤ کے سبب میڈیا اور سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں، ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ میچوں کے دوران ان کے جارحانہ برتاؤ سے ان کے ساتھی کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھتا ہے۔
اسی حوالے سے سلمان بٹ نے بھی ایک یوٹیوب چینل پر سرفراز احمد پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان جس طرح سے رد عمل دیتے ہیں، بات کرتے ہیں اس پر تنقید ہی ہوتی ہے، وہ بات نہیں کرتے بلکہ چیختے ہیں، وہ مشورہ نہیں کررہے بلکہ اپنا فیصلہ مسلط کررہے ہیں۔
پی ایس ایل کھیلنے کیلئے انگلینڈ کے 6 کھلاڑی کل کراچی آئیں گے
سلمان بٹ نے سرفراز کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بحیثیت کھلاڑی اپنی خود کی کارکردگی پر توجہ دیں، بہتر ہے کہ وہ اپنے اوپر توجہ دیں، اپنی کارکردگی پر دھیان دیں۔ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ پچھلے ڈیڑھ سال سے بحیثیت دوسرے وکٹ کیپر سفر کررہے ہیں انہیں اپنی پرفارمنس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
تاہم سلمان بٹ پر 2010 میں ساتھی کھلاڑیوں محمد آصف اور محمد عامر سمیت انگلینڈ کے دورے کے دوران سپاٹ فکسنگ کا الزام لگا تھا اور الزام ثابت ہونے کے بعد انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پانچ سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
