’’واٹس ایپ دھماکے دار فیچر متعارف کروانے کے قریب‘‘

دنیا کی مقبول پیغام رسانی موبائل ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی دلچسپی کو پیش نظر رکھتے ہوئے نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے، اطلاعات ہیں کہ اب صارفین واٹس ایپ میسج کو ایڈٹ کر سکیں گے جس کے لیے فیچر پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر ایڈٹ میسیج کے فیچر کو پیش کیے جانے کی خبریں ابتدائی طور پر جون 2022 میں آئی تھیں اور امکان تھا کہ اسے 2023 کے آغاز تک پیش کر دیا جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہو سکا لیکن اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ واٹس ایپ کے ماہرین تاحال ایڈٹ میسیج کے فیچر پر کام کرنے میں مصروف ہیں اور ممکنہ طور پر آئندہ تین ماہ میں اسے آزمائش کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب ایٹ انفو کے مطابق ایڈٹ میسیج کے فیچر کو پیش کرنے کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد ہی اسے آزمائش کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر فیچر کو سب سے پہلے آئی او ایس کے محدود صارفین کے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد ترتیب وار اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا، فیچر کے مطابق صارفین کے پاس 15 منٹ کے اندر بھیجے گئے غلط میسیج کو ایڈٹ کرنے کا آپشن موجود ہوگا، تاہم اس کے باوجود وہ غلط میسیج کو ایڈٹ نہیں کر پائیں گے۔
فیچر کے تحت صارفین صرف الفاظ کو ہی ایڈٹ کر پائیں گے اور بھیجے گئے لنکس بھی تبدیل کر سکیں گے، تاہم بھیجی گئی ویڈیوز اور تصاویر سے متعلق فوری طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ممکنہ طور پر ایڈٹ میسیج کے فیچر کے تحت بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی سلیکٹ کر کے انہیں تبدیل یا ایڈٹ کیا جا سکے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، اس سے فیچر سے قبل گزشتہ برس واٹس ایپ نے ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو واپس لانے کا فیچر بھی پیش کیا تھا، فیچر کے تحت غلطی سے ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو اب صارفین 30 سیکنڈ کے اندر اندر انڈو کرکے واپس لا سکتے ہیں۔