آزاد کشمیرالیکشن کادوسرامرحلہ،پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا

آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے ووٹنگ جاری ہے۔پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں کیلئےپولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جواب شام 6بجے تک جاری رہے گا۔
ووٹرزکی زیادہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹےکی توسیع کی گئی۔
عملہ نہ پہنچنے پر مظفر آباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 27 کے تمام 196 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کردیئےگئے، موسم کی خرابی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ کا سامان نہیں پہنچ سکا۔
پولیس کے مطابق وادی نیلم، آزاد کشمیر میں ووٹ ڈال کر واپس آنےوالی گاڑی بجلی کی تار سےٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 8 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 7 خواتین اور ایک ڈرائیور شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میونسپل کمیٹی اٹھمقام کے وارڈ لالہ میں پیش آیا، تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹھمقام منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مظفر آباد میں پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا انٹرنیٹ کی بحالی کیلئےلیٹر لکھا ہے، آج پتا چل جائےگا۔
ایک سوال کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کسی کے دباؤ میں کام نہیں کریں گے، ہربات ہر کسی کی مانی نہیں جاتی، قانون کےمطابق کام کریں گے۔
مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 4 سو 83 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ جموں اور ویلی کی 6، 6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ادھر جموں 1 اور کشمیر ویلی 1 کی نشست پرکراچی میں پولنگ شروع ہوگئی ہے، دونوں نشستوں کے لیے 34 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، کراچی میں جموں 1 کی نشست پر 698 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جبکہ کراچی میں کشمیر ویلی 1 کی نشست پر 4 ہزار 200 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔
مزید براں راولپنڈی،اسلام آباد میں بھی مہاجرین کی 3 نشستوں پر پولنگ آج ہو رہی ہے، مہاجرین کی 3 نشستوں میں ایل اے43 ویلی 4 اور ایل اے 44 ویلی 5 شامل ہیں۔
ایل اے 39 جموں 6 پر بھی راولپنڈی، اسلام آباد میں پولنگ ہو رہی ہے، ایل اے43 ویلی 4 میں کل 12 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ ایل اے 44 ویلی 5 میں کل 8 امیدوار مدمقابل ہیں اور ایل اے39 جموں 6 کی نشست پر کل 14 امیدوار میدان میں ہیں۔
