ایران مذاکرات کےلیے پہلے سے زیادہ تیار دکھائی دیتا ہے : امریکی وزیر خارجہ

امریکا وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد ایران کے رویے میں تبدیلی کے آثار نمایاں ہوئے ہیں اور وہ جوہری پروگرام سمیت اہم علاقائی معاملات پر مذاکرات کےلیے پہلے سے زیادہ آمادہ دکھائی دے رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں، میزائل دفاعی نظام، میزائل لانچنگ تنصیبات اور اسلحہ سازی کے بعض مراکز کو نقصان پہنچا، جس سے اس کی عسکری صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔
وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ان کارروائیوں نے خطے کی صورت حال میں تبدیلی پیدا کی ہے اور اب امریکا ایران کے ساتھ نسبتاً مضبوط پوزیشن سے مذاکرات کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں حالیہ پیش رفت کےبعد ایران بات چیت کےلیے پہلے سے زیادہ تیار نظر آرہا ہے، کیوں کہ اس کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ایرانی عوام جنگ کے اصل ہیرو ہیں : ایرانی صدر
تاہم امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایران کے پاس اب بھی ایسے میزائل اور ڈرون موجود ہیں جو نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،اگرچہ ان کے بقول مجموعی طور پر ایران کی دفاعی قوت پہلے کے مقابلے میں کمزور ہو
چکی ہے۔
