سیکیورٹی فورسز کی کارروائی: لکی مروت میں 8 خوارج ہلاک

لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آٹھ خوارج کو ہلاک جبکہ پانچ کو شدید زخمی کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 اکتوبر کو لکی مروت کے علاقے وانڈہ شیخ اللہ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران خوارج کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ ملا اور آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے باعث سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری خوارجی کے خاتمے اور امن و امان کی مکمل بحالی تک ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم آٹھ خوارج کو ہلاک کیا تھا۔
