شیخ وقاص اکرم نے 7دسمبر کےاحتجاج کی کال کی تردید کردی

 پی ٹی آئی کےمرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر درست نہیں ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کچھ دنوں سےفیک نیوز کا بازار گرم ہے، کہا گیا کہ پارٹی کا نیا چیئرمین بنا دیا گیا ہے اور سلمان اکرم راجہ کوعہدےسےہٹا دیا گیا، یہ خبریں غلط ہیں کیونکہ سلمان اکرم راجہ بھی بدستوراپنےعہدےپرکام کررہے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ 7 دسمبر کو اسلام آباد دوبارہ احتجاج کے لیے آنے کی خبر درست نہیں، اسد قیصر نے7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد جانے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ پارٹی کی سطح پر ہوا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارٹی معاملات کو ہم دیکھ لیں گے، پی ٹی آئی ہمیں اپنے کپڑےباہردھونے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ہمارے لوگ لاپتا ہیں اور ہرچیز کاریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نےکہا کہ اسلام آباد میں کارکنوں کی شہادتوں کا معاملہ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی رہائی ہمارے لیےبڑےچیلنجز ہیں۔

 شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ مشال یوسفزئی کی پارٹی میں کوئی پوزیشن نہیں ہےالبتہ وہ بشری بی بی کی ذاتی ترجمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا سراسر جھوٹ ہےکہ ڈی چوک میں گولیاں نہیں چلیں،وزیردفاع کا بیان آیا کہ جنازے دکھاؤجبکہ ہم نےکل کی پریس کانفرنس میں جنازےکی فوٹیج دکھائی تھیں۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نےکہا کہ بین الاقوامی میڈیا نےبھی ہمارے کارکنوں کی ہلاکتوں کورپورٹ کیاہے، ہمارا مطالبہ ہےکہ اس معاملے پر ایک اعلیٰ سطح کا جوڈیشل کمیشن بنایاجائے اور تحقیقات کی جائیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمارے پاس کل کی تاریخ تک 12 کارکنوں کی ہلاکتوں کا کنفرم ڈیٹا موجود تھا، ہم الزام تراشی نہیں بلکہ شواہد کے ساتھ بات کریں گے ، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے ، ریاست کے صبر کا پیمانہ لبریز نہیں ہونا چاہیے۔

Back to top button