اداکار شمعون عباسی کی سینئرز کے نخروں سے اکتا گئے

شوبز انڈسٹری میں کم دکھائی دینے والے اداکار شمعون عباس نے سینئر اداکاروں کو جونیئرز کے ساتھ تعاون کرنے اور اپنے نخروں کو سائیڈ پر رکھنے کی ہدایت کر دی، اداکار نے حال ہی میں اپنی شادی کا انکشاف کیا ہے جوکہ چار سال قبل کی تھی۔
اداکار کی عیدالفطر پر دو فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں جن میں ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ اور ’’دادل‘‘ شامل ہیں، جبکہ اس کے ساتھ بڑے بجٹ کی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ بھی ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
شمعون عباسی نے شادی کا لیٹ اعلان کرنے کے حوالے سے بتایا کہ جب کبھی آپ اپنی خوشیوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں تو بہت سارے ایسے کمنٹس بھی آتے ہیں جن کو آپ اکیلے یا فیملی میں بیٹھ کر پڑھیں تو ڈپریشن ہوتا ہے، میری کمیونٹی اور میرے دوستوں کو پتہ تھا کہ میں نے شادی کی ہے اور سب کے سامنے ہماری شادی ہوئی۔
’سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر مناسب نہیں سمجھی، لیکن اب میں نے اپنے مداحوں کے ساتھ اس خوشی کو شئیر کر لیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہر چیز سوشل میڈیا پر لگانا ضروری نہیں ہے۔اداکارہ شیری شاہ جو کہ اب میری اہلیہ ہیں، وہ اچھے دل کی صابرہ خاتون ہیں۔ ان کے اندر ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو میرے پچھلے تعلقات میں تھیں، وہ سمجھدار ہیں، جب سے میری زندگی میں آئی ہیں میرے کیریئر پر فرق پڑا ہے، میں کام پہلے سے زیادہ کر رہا ہوں۔ ذہنی طور پر مطمئن رہتا ہوں، خدا کا شکرگزار رہتا ہوں کہ اتنے زیادہ نقصانات کے بعد بھی اس نے مجھے ایک شخص کے ساتھ ملایا جو مجھے اونچائیوں پر دیکھنا چاہتا ہے۔
شمعون عباسی نے اپنی فلموں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت پرجوش ہوں، خصوصی طور پر ’ہوئے تم اجنبی‘ کے لیے جس کو بننے میں نو سال لگے، آخرکار ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ کامران شاہد کی ڈائریکشن میں بنی اس بڑے سکیل کی فلم کا موضوع 1971 ہے۔
انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں فلم لگتی ہے اور ان کے مقابلے میں بھی فلمیں لگتی ہیں، ہم سب ایک ہی انڈسٹری کے لوگ ہیں، مجھے ان سکیورٹی نہ ایکٹرز سے ہوتی ہے اور نہ ہی فلموں سے ہوتی ہے، لہٰذا کسی قسم کا پریشر نہیں ہے ہماری فلم کے ساتھ جو مرضی فلم لگ جائے۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ میری دوسری فلم اس عید پر جو ریلیز ہونے جا رہی ہے اس کا نام ’دادل‘ ہے جس کو ابو علیحہ نے ڈائریکٹ کیا، اس میں میرا کردار 10 منٹ کا ہے وہ بھی فلم کے آخر میں۔ میں اس فلم کو بھی پرموٹ کر رہا ہوں، میری ایک عادت ہے کہ میرا اگر کسی فلم میں دو منٹ کا بھی کردار ہے اس کو اون اور سپورٹ کرتا ہوں، لہٰذا ’دادل‘ کو بھی میں اون کرتا ہوں اور سپورٹ کر رہا ہوں۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ جونئیرز کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں ان کو سپورٹ کرتا ہوں۔ سینیئرز کو چاہئے کہ وہ اپنے ناز نخرے اس وقت سائیڈ پر رکھ دیں جب وہ جونئیرز کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں۔سب سے پہلے ہمیں اللہ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ اس نے ہمیں ایسی پوزیشن دی ہے کہ لوگ ہمیں فون کر کے فلم سٹار کہتے ہیں ہمیں کام دیتے ہیں۔ لوگوں کی پوری پوری زندگیاں لگ جاتی ہیں سکرین پر نظر آنے کے لیے، سینما میں آنا تو ہر اداکار کا خواب ہوتا ہے جب ہم سینما سکرین پر آنا شروع ہو جاتے ہیں پھر خدا کا شکر ادا کرنا بھول جاتے ہیں۔ لیکن میں ان معاملات کو سنجیدہ لیتا ہوں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جب اللہ نے آپ کو عزت سے نوازا ہو، گھر بیٹھے بٹھائے کام مل رہا ہوتو انسان کو پھر خود پر محنت کرنی چاہئے، اپنے سونے جاگنے، اپنی صحت پر توجہ دینی چاہئے۔ میں ویسے بھی فیملی کے ساتھ رہنا پسند کرتا ہوں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔ مجھے اس انڈسٹری میں 27 سال بیت چکے ہیں، سب مجھے جانتے ہیں کہ کسی کو میری ضرورت ہو گی تو وہ مجھے کال کر لے گا، نہیں ہو گی تو نہیں کرے گا۔
شمعون عباسی کا مزید کہنا تھا کہ آڈینز، ڈائریکٹر اور پرڈیوسرز کو سمجھنا چاہیے کہ ہر ’فلم مولا جٹ‘ نہیں ہو سکتی نہ ہی ہر کوئی ایسی فلم بنا سکتا ہے، یہ نو سال میں بنی جو کہ بلال لاشاری کا ماسٹر پیس ہے۔ لہٰذا آپ اچھی فلمیں بنائیں، لوگوں کو سمجھ آنے والی کہانیاں ڈسکس کریں، لوگ سینما گھر میں آ کر فلمیں دیکھیں گے، میں پاکستان کی پہلی سپر ہیرو فلم کر رہا ہوں، اس فلم کا نام ریان ہے جو کہ بچوں کی فلم ہے اس کو لے کر میں کافی پرجوش ہوں۔
