ہمیشہ سکینڈلز، تنازعات کا شکار رہنے والی پاکستانی اداکارائیں

شوبز اور سکینڈلز کا چولی دامن کا ساتھ ہے، زیادہ تر اداکارائیں اس کا شکار بنتی ہیں، جبکہ کچھ اداکارائیں خود کو خبروں اور سوشل میڈیا میں لانے کیلئے سکینڈلز کا سہارا بھی لیتی ہیں، پاکستانی اداکارائوں کی اس فہرست میں اداکارہ وینا ملک سر فہرست ہیں۔
وینا ملک بھارت کے مشہور ریئلٹی شو ‘بگ باس’ کے دوران اداکار اشمیت پاٹیل کیساتھ تعلقات کی وجہ سے بھارت کے علاوہ پاکستانی میڈیا میں بھی چھائی رہیں، وینا ملک کیلئے مسائل اس وقت پیدا ہوئے جب انہوں نے بھارتی فلموں میں آئٹم نمبرز کرنے شروع کر دیئے، جس کے باعث انہیں وطن واپسی میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن پھر اچانک وینا ملک نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر اپنے شوہراور دو بچوں کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزارنے لگیں۔
لالی وڈ میں نیلی اور جاوید شیخ کی جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا، دونوں نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا، لیکن پھر یہ فلمی جوڑی حقیقت میں بھی قریب آنے لگی، یہاں تک کہ دونوں کی شادی کی افواہیں بھی میڈیا میں گردش کرنے لگی تھیں لیکن اچانک ہی دونوں کے راستے جدا ہوگئے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے کیریئر کا آغاز ٹی وی سے کیا تھا، مسلسل محنت اور یکسوئی نے ان کو پاکستان کی بڑی اداکارہ بنا دیا، بھارت میں بھی اتنی شہرت حاصل کی کہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے انہیں اپنی فلم "رئیس” میں بطور ہیروئن کاسٹ کیا تھا۔
اپنے شوہر علی عسکری سے علیحدگی کے بعد محتاط رہ کر کام کرنے والی ماہرہ خان ایک بار اس وقت شہ سرخیوں کی زینت بن گئیں جب بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ نیویارک کی سڑکوں پر سگریٹ پیتے ہوئے ان کی چند تصاویر وائرل ہوئیں، لوگوں نے انہیں نہ صرف سگریٹ نوشی بلکہ نامناسب لباس پہننے پر بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا تاہم ماہرہ خان نے یہ واضح کیا کہ ہر فنکار کی اپنی ذاتی زندگی بھی ہوتی ہے۔
اداکارہ صبا قمر کا شمار بھی پاکستان کی نامور اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے ٹی وی کی سکرین سے بڑے پردے تک پہنچنے میں بڑی محنت کی، شاندار اداکاری کی بدولت انہیں بھی بالی وڈ میں کام کرنے کا موقع ملا، صبا قمر نے عرفان خان کی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھا اور فلم میں جاندار اداکاری کے باعث وہ بالی وڈ فلمسازوں اور بھارتی عوام کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
تاہم 2015ء میں صبا قمر اُس وقت تنازع کا شکار ہوگئیں جب ایک شوکی میزبان نے ان سے سوال پوچھا کہ کیا آپ بالی وڈ اداکار ہرتیک روشن سے شادی کریں گی جس کے جواب میں صبا نے کہا کہ ’’دو بچوں کے باپ سے کون شادی کرنا چاہے گا‘‘ اس کے علاوہ انہوں نے رتیش دیش مکھ کے بارے میں کہا تھا کہ ’’میں پاکستان کی اے کلاس کی اداکارہ ہوں اور صرف اے کلاس کے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتی ہوں‘‘۔ اس پروگرام کے بعد صبا قمر کو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھارتیوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکارہ نور بخاری اداکاری سے زیادہ اپنی شادیوں کی وجہ سے خبروں میں چھائی رہتی تھیں، کیونکہ انہوں نے چار شادیاں کی تھیں اور حیرت انگیز طور پر یہ چاروں شادیاں ٹوٹ چکی تھیں پھر نور بخاری نے اچانک شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کو اللہ نے ہدایت عطا کی اور انہوں نے حجاب اوڑھنا شروع کردیا، لیکن پھر بھی شادی کی خبروں نے ان کا پیچھا نہیں چھوڑا، 2020 میں خبریں آنا شروع ہوئیں کہ اداکارہ نور نے پانچویں شادی کرلی، خبروں کے مطابق نور نے اپنے سابق شوہر اور سیاستدان عون چوہدری سے دوبارہ شادی کی، تاہم نور نے ان خبروں کی سختی سے تردید کردی تھی۔

Back to top button