2022 میں کونسے پاکستانی ڈراموں کو عوامی پزیرائی ملی؟

پاکستانی ڈرامے اپنی جاندار کہانی اور اداکاری کے باعث ہمیشہ توجہ کا مرکز رہے ہیں، سال 2022 میں بھی کچھ ایسی ہی صورت حال رہی۔ پچھلے برس پاکستانی چینلز پر کئی ڈرامے شروع ہوئے اور کئی اختتام کو پہنچے، کچھ نے عوامی مقبولیت کے ریکارڈ توڑے تو کچھ عوام پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔2022 میں جو ڈرامے آن ایئر ہوئے ان میں بادشاہ بیگم، میرے ہم سفر، وحشی، وبال، میری شہزادی، صنف آہن، کیسی تیری خود غرضی، پرستان وہ پاگل سی، تقدیر، دل زار زار، فراڈ، اک ستم اورسنگ ماہ قابل ذکر ہیں۔

ڈراموں کی اس بھیڑ میں جن پانچ ڈراموں نے بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی ان میں ڈرامہ سیریل سنگ ماہ پہلے نمبر پر رہا، مومنہ درید کی پروڈکشن میں تیار کردہ اس ڈرامے کو مصطفیٰ آفریدی نے لکھا جبکہ ڈائریکشن سیفی حسن کی تھی، کاسٹ میں ہانیہ عامر، کبریٰ خان، ثانیہ سعید، عمیر رانا اور نعمان اعجاز شامل ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اس ڈرامے میں گلوکار عاطف اسلم چھوٹی سکرین پر اداکاری کرتے ہوئے دکھائی دیئے، یہ ڈرامہ نہ صرف اپنے موضوع کے حوالے سے منفرد تھا بلکہ اس میں نعمان اعجاز اور عاطف اسلم کی جاندار اداکاری نے بھئ شائقین کو اپنا گرویدہ بنایا۔

دوسرے نمبر پر بہترین ڈرامہ ’صنف آہن‘ رہا جسکی کاسٹ میں سجل علی، کبریٰ خان، یمنیٰ زیدی، رمشا خان، سائرہ یوسف، شہریار منور، دنانیر مبین، عثمان مختار، عاصم اظہر اور میرب علی شامل ہیں۔ یہ ڈرامہ آئی ایس پی آر اور سکس سگما کی پروڈکشن میں تیار ہوا، عمیرہ احمد نے کمال انداز میں اس کی کہانی لکھی جو فوج میں نوکری کرنے والی پانچ مختلف خواتین کے گرد گھومتی ہے، اس ڈرامے میں ٹک ٹاکر دنانیر منیب نے بھی اداکاری کی۔ بڑی کاسٹ کے اس ڈرامے میں فوجی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور دکھایا کہ ہماری خواتین بھی کسی سے کم نہیں ہیں، وہ بھی اپنے ملک کی حفاظت کے لیے مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

مقبولیت میں تیسرے نمبر پر رمضان کس سپیشل ڈرامہ ’پرستان‘ رہا جس کی کاسٹ میں میرا سیٹھی، میرب علی، ارسلان نصیر، علی سفینہ، جنید جمشید خان اور ایمن سلیم شامل ہیں۔ ڈرامے کے ڈائریکٹر علی حسن اور رائٹر ثمرہ بخاری ہیں، اسکے علاوہ ’دل آویز‘ ڈرامہ بھی ناظرین میں کافی مقبول ہوا، اسکی کاسٹ میں کنزیٰ ہاشمی، عفان وحید، سیمی راحیل، فضیلہ قاضی اور عائشہ گل کے نام شامل ہیں۔ کامیڈی ڈرامہ ’چوہدری اینڈ سنز‘ کو بھی خاصا پسند کیا گیا جسکی کاسٹ میں عمران اشرف، عائزہ خان، سہیل احمد، نورالحسن، اسما عباس اور دیگر شامل تھے۔ سہیل احمد ہمیشہ کی طرح ناظرین کو محظوظ کرتے نظر آئے جبکہ عائزہ خان اور عمران اشرف بھی اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اُترے۔

عمران خان باؤنڈری پر کیسے کیچ آؤٹ ہو گئے

Back to top button