عمران نے بشریٰ بی بی سے دوران عدت نکاح کیوں کیا؟

عمران خان کا بشریٰ بی بی سے نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے بھی دوران عدت نکاح کی تصدیق کر دی ہے۔نکاح خواں مفتی محمد سعید احمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے انہیں بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی سے نکاح کرنے پر پیش گوئی تھی کہ وہ وزیرِ اعظم بن جائیں گے۔ اس لیے عدت کی مدت کا معاملہ جاننے کے باوجود انہوں نے بشریٰ بی بی سے نکاح کیا۔
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے کیس میں مفتی سعید نے عدالت کے روبرو بدھ کو اپنا بیان قلم بند کراتے ہوئے بیانِ حلفی جمع کرا دیا ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے سینئر جج نصر من اللہ نے بدھ کو درخواست گزار محمد حنیف کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت کے روبرو مفتی سعید نے اپنا بیان قلم بند کراتے ہوئے کہا کہ 62 سال عمرہے، مدرسے میں پرنسپل ہوں، ععمران خان سے اچھے تعلقات تھے اور ان کی کور کمیٹی کا ممبر تھا، یکم جنوری 2018 کو عمران خان نے مجھ سے کال پر رابطہ کیا، عمران خان نے مجھ سے کہا میرا نکاح بشریٰ بی بی سے پڑھوا دو، عمران خان نے کہا کہ نکاح پڑھانے کے لیے لاہور جانا ہے۔وہ مجھے اپنے ساتھ لاہور کے علاقے ڈیفنس کی کوٹھی میں لے گئے۔
مفتی سعید کے مطابق بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک خاتون نے خود کو بشریٰ بی بی کی بہن ظاہر کیا، خاتون سے میں نے پوچھاکہ کیا بشریٰ بی بی کا نکاح شرعی طور پر ہوسکتاہے؟ اس پر خاتون نے بتایاکہ بشریٰ بی بی کے نکاح کی تمام شرعی شرائط مکمل ہیں، خاتون نے بتایاکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھایا جاسکتا ہے۔مفتی سعید نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یکم جنوری 2018 کو خاتون کی یقین دہانی پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھادیا،جس کے بعد وہ دونوں اسلام آباد میں ساتھ رہنے لگے۔ پھر عمران خان نے مجھ سے فروری 2018 کو دوبارہ رابطہ کیا اور درخواست کی کہ بشریٰ بی بی سے دوبارہ نکاح پڑھانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے نکاح کے وقت بشریٰ بی بی کا عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہواتھا، کیونکہ نومبر 2017 میں بشریٰ بی بی کو طلاق ہوئی، عمران خان نے بتایاکہ پہلا نکاح غیرشرعی تھا۔
مفتی سعید کےمطابق عمران خان نےکہاکہ پہلے نکاح کے وقت بشریٰ بی بی کا عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہوا تھا، عمران خان نے کہا کہ نومبر2017 میں بشریٰ بی بی کو طلاق ہوئی، عمران خان نے مجھے بتایاکہ بشریٰ بی بی سے نکاح کرنے پر پیشگوئی تھی کہ وہ وزیراعظم بن جائیں گے، عمران خان نے بتایا کہ پہلا نکاح غیر شرعی تھا۔مفتی سعید نے کہا کہ بعد میں پتا چلانکاح اورشادی کی تقریب فراڈپرمبنی ہے، عمران خان اوربشریٰ بی بی نے سب جانتے ہوئے بھی نکاح اور شادی کی تقریب کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا پہلا نکاح غیر قانونی تھا جو پیشگوئی کی وجہ سے ہوا، عمران خان نےکہا 2018 کے پہلےدن نکاح ہونے پر وزیراعظم بن جائیں گے۔
مفتی سعید کا کہنا تھا کہ قانونی اور شرعی لحاظ سے دیکھا جائےتویکم جنوری 2018 کا نکاح غیر شرعی اور غیرقانونی تھا۔نکاح خواں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کا چوتھا دن تھا، تراویح کے بعد درخواست گزار محمد حنیف میرے پاس آئے، جن سے میرے تعلقات دوستانہ ہیں، انہوں نے مجھ سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کے حوالے سے پوچھا، تو میں نے انہیں بتادیا۔مفتی سعید کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعدعدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 اپریل تک کے لئے ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کے کیس کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی ہے۔درخواست گزار محمد حنیف نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کے کیس کی جلد سماعت کرنے کی درخواست کی تھی۔درخواست میں کہا گیا کہ سینئرسول جج نصرمِن اللہ بلوچ کی عدالت میں آج مفتی محمد سعید کا بیان قلمبند ہونے کےلیے مقرر ہے اور درخواست گزار مرکزی گواہ مفتی محمد سعید کا بیان جلد قلمبند کرانا چاہتا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کی سماعت 28 اپریل کو مقرر ہے اور گواہ مفتی سعید عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرانے کے لیے دستیاب ہیں جب کہ گزشتہ سماعت پر مرکزی گواہ مفتی سعید کا بیان قلمبند نہ ہوسکا تھا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کا کیس ارجنٹ نوعیت کا ہے لہٰذا اسے جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 27 ستمبر 2018 کو بشریٰ بی بی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں عدت ختم ہونے سے قبل عمران خان سے شادی کرنے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ پہلی شادی کی طلاق ہونے کے بعد ناصرف انہوں نے عدت پوری کی بلکہ سات ماہ بعد تحریک انصاف کے سربراہ سے نکاح کیا تھا۔سینئر صحافی عمر چیمہ نے جب عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی خبر دی تھی تو پی ٹی آئی کی طرف سے اس کی تردید کی گئی تھی۔ بعدازاں فروری 2018 میں پی ٹی آئی کی جانب سے نکاح کی خبر جاری کی گئی۔
دوسری طرف وزیر اعظم کے مشیر اور عمران خان کے انتہائی قریب رہنے والے عون چودھری نے انکشاف کیا تھا عدت میں نکاح کی وجہ سے ہی تحریک انصاف نے عمر چیمہ کی عمران خان کی نکاح کی خبر کی تردید کی تھی کیونکہ اگر اس وقت نکاح کی تصدیق کر دیتے تو فنوؤں کی زد میں آجاتے تاہم بعد ازان جب دوران عدت نکاح کی تصدیق ہوئی تو بشریٰ بی بی نے عمران خان کو کہا تھا کہ عدت کے دوران نکاح کا حکم اللہ کی طرف سے آیا ہے اس وقت عمران خان بشریٰ بی بی کے ساتھ رات گزار چکے تھے ۔
