پی ٹی آئی نے الیکشن کے مواقع کیوں ضائع کیے؟رازکھولنےکی دھمکی

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ و سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تین چار مرتبہ تحریک انصاف نے الیکشن کے مواقع ضائع کیے، اگر یہ راز کھل گیا تو سب کی آنکھیں کھل جائیں گی۔
نئی پارٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب میں پرویز خٹک کا کہناتھاکہ ہمارے ساتھ ہم خیال ارکان اسمبلی اکٹھے ہوئے اور ہمارا متفقہ فیصلہ ہے کہ نئی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی بنیاد رکھیں گے، پارٹی منشور اور جھنڈے سے متعلق جلد اعلان کریں گے، ہمارا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اور محمود خان نے صوبے میں دوبارہ حکومت کی، ہماری ٹیم نے خیبرپختونخوا کی خدمت کی اور نتیجہ بھی سامنے آیا، ہم نے خیبرپختونخوا میں سہولت صحت کارڈ، پشاوربی آر ٹی، سوات موٹروے بنائی، سیاحت کو فروغ دیا، سڑکوں کا جال بچھایا۔
ان کا کہنا تھاکہ تین چار مرتبہ تحریک انصاف نے الیکشن کے مواقع کیوں ضائع کیے، کیا ہم نے جمہوریت کے راستے پر چلنا ہے یا انتشار والا راستہ اپنانا ہے؟ کیا وجوہات تھیں کہ تحریک انصاف نے الیکشن قبول نہیں کیا اور آج تک ہم انتشار کی طرف جارہے ہیں، سب کو سوچنا چاہیے یہ ہمارا جمہوری ملک ہے الیکشن ہونا چاہیے۔
سابق وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ سوال چھوڑے جارہا ہوں تحریک انصاف نے کیوں الیکشنز کا وقت ضائع کیا؟ تحریک انصاف نے کیوں یہ وقت ضائع کیا یہ ایک بہت بڑا راز ہے، جب یہ راز کھلے گا تو سب کی آنکھیں کھل جائیں گی کہ پی ٹی آئی کا پروگرام کیا تھا؟ سوال بہت گہرا ہے،کیا وجوہات تھیں کہ تحریک انصاف نے الیکشن قبول نہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہوگیا،،سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نئی جماعت تحریک انصاف پارلیمنٹیرینزکا قیام عمل میں آیا ہے۔
