کسی کا دبائوقبول نہیں ، الیکشن وقت پرہوں گے،نواز،شہبازملاقات

وزیراعظم شہبازشریف کی لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے ہونیوالی اہم ملاقات میں کسی کا دبائو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اتفاق کیاگیا ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے.

حسن نوازکے دفتر میں ہونیوالی ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، سلمان شہباز بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن سے مشاورت کے بارے میں نواز شریف کو آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے نواز شریف سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت تمام توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور معیشت کو بہتر کرنے پر مرکوز ہیں۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وزیراعظم شہباز شریف سے اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کئے جائیں جبکہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سیلاب متاثرین کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں، حکومت بحالی کیلئے کوششوں میں تیزی لائے۔

عزت کیسے برقراررکھنی ہے، اداروں کو سوچنا ہو گا

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی سیلاب متاثرین کے لیے عطیات فراہم کر رہے ہیں، افواج پاکستان بھی سیلاب متاثرین میں پیش پیش ہیں، سیلاب کی صورتحال میں دوست مملاک مدد فراہم کر رہے ہیں، حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں فرض کی ادائیگی کر رہی ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے صوبائی حکومتیں اور این ڈی ایم اے کام کر رہی ہیں، سیلاب متاثرین کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے ہیں، ہر متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دے رہے ہیں، کوشش ہے سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

قبل وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ برطانیہ پہنچے،وزیراعظم 19ستمبر کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت کریں گے، شہبازشریف دورہ برطانیہ کے بعد امریکا روانہ ہوں گے جہاں جنرل اسمبلی سے ان کا خطاب شیڈول ہے۔

Related Articles

Back to top button