سوات دھماکے کے شہدا کی تعداد 17 سے تجاوز کرگئی

سوات کے سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 17 سے تجاوز کر گئی ہے۔
ریسکیو حکام کےمطابق جائے وقوعہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، گزشتہ شب 70 زخمیوں کواسپتال منتقل کیا گیا، ہسپتال رپورٹ کے مطابق دھماکےمیں17 افراد شہید اور 51 زخمی ہوئے، زخمیوں کو کبل اور سیدو شریف ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ شدید جھلسے ہوئے زخمی کو پشاور برن سینٹرمنتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق شہید پولیس افسران میں سب انسپکٹرعبداللہ، اشرف علی اور اے ایس آئی شیر عالم شامل ہیں جب کہ سپاہی تاج محمد ،شیرولی ،خلیل رحمان، بخت روخان، عصمت علی اور فضل رزاق بھی شہدا میں شامل ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہےکہ سی ٹی ڈی تھانے میں بچ جانے والا بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی کے پی اختر حیات نے کہا ہے کہ پولیس اسٹیشن میں باہر سے کسی حملے کے شواہد نہیں ملے، دھماکا تہہ خانے میں پڑے بارود میں ہوا، اس کی وجہ شارٹ سرکٹ بنا یا کچھ اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر سوات دھماکے میں جاں بحق 9 اہل کاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں کور کمانڈر پشاور، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور دیگر نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق دھماکے میں مرنے والوں میں پانچ قیدی بھی شامل ہیں۔
