صومالی وزیرِ دفاع کی نیول،ایئر ہیڈکوارٹرز آمد،دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال

پاکستان اور صومالیہ نے دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور استعدادِ کار بڑھانے کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
صومالی وزیرِ دفاع کی نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے دوران علاقائی سلامتی، تربیت اور دوطرفہ دفاعی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیرِ دفاع، سفیر احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونیوالی ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف نے اس موقع پر صومالیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ اشتراک، تربیتی پروگراموں اور استعدادِ کار میں اضافے سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔
چیف آف دی ایئر سٹاف نے پاکستان ایئر فورس کی مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی، تربیتی نظام اور پیشہ ورانہ تبادلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے صومالی فضائیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
