سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اپنی تنخواہیں خود بڑھانے کا انکشاف

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے اپنی تنخواہیں خود ہی بڑھانے کا انکشاف سامنے آ گیا۔
چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں غیر معمولی اضافے کے معاملے انکشاف ہوا ہے کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنی اپنی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ خود کیا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سیینیٹ کی تنخواہوں میں اضافہ سینیٹ کی ہاؤس فنانس کمیٹی نے کیا جب کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ قومی اسمبلی کی ہاؤس فنانس کمیٹی نے کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے چند ماہ قبل سینیٹ کی ہاؤس فنانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور سردار ایاز صادق نے چند ماہ قبل قومی اسمبلی کی ہاؤس فنانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔دونوں الگ الگ اجلاسوں میں 4 افراد کی تنخواہیں بڑھانےکا فیصلہ خاموشی سے کیاگیا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ حکومت کا قومی اسمبلی و سینیٹ کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، حکومت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو بجٹ فراہم کرتی ہے،اس بجٹ کے استعمال میں قومی اسمبلی اور سینیٹ خودمختار ہیں جب کہ وزیر اعظم قانون کےمطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے۔
ذرائع نے مزید بتایاکہ وزیراعظم نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہےلیکن وہ اس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرسکتے، وہ اخلاقی طور پر دونوں شخصیات کو پیغام دےسکتے ہیں یا کابینہ سے کہا جاسکتا ہے تاہم دونوں ایوانوں کی فنانس کمیٹی اس حوالے سے فیصلہ کرسکتی ہے۔
وزیر اعظم نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لےلیا
واضح رہےکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لیتےہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔
جب کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں ان مراعات اور تنخواہوں کو مالی فحاشی قرار دیا ہے۔