بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے لیے کام کرنے والا جاسوس گرفتار

پاکستانی انٹیلیجنس اداروں نے بھارت کی ایک اور دہشتگردانہ کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے بھارتی سازش بے نقاب کر دی۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا محمد تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کرنے والے اعجاز ملاح نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر جاسوس اعجاز ملاح کا ویڈیو بیان بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔


یہ کارروائی مبینہ طور پر “آپریشن سندور” کی ناکامی کے بعد بھارت کی جانب سے شروع کی گئی ایک نئی کوشش تھی، جس کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔

عطا تارڑ نے انکشاف کیا کہ “آپریشن سندور” کی ناکامی کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور سازشوں کا نیا سلسلہ شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکام نے پاکستانی مچھیرے اعجاز ملاح کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا، جہاں اسے دباؤ ڈال کر اپنے لیے جاسوسی پر آمادہ کیا گیا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق، بھارت نے اعجاز ملاح کو پاکستانی افواج کی وردیاں خریدنے کی ہدایت دی تاکہ وہ ان کے نام پر تخریب کاری کر سکے۔ تاہم، پاکستانی انٹیلیجنس اداروں نے اس کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی اور بھارت روانگی سے قبل ہی اسے گرفتار کر لیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ہر بھارتی سازش کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور ملک کے اندر کسی بھی دہشتگرد نیٹ ورک کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Back to top button