سوات،کبل پولیس سٹیشن کے باہر خودکش دھماکہ،5 افراد شہید، 15 زخمی

سوات کے علاقے کبل میں پولیس سٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہو گئے۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین نےبتایا کہ دھماکا کبل پولیس سٹیشن کے گیٹ کے قریب کبل چوک پر اس وقت ہوا، جب وہاں مقامی نوجوانوں کا احتجاج جاری تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر کبل کی جانب سے فراہم کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق واقعے میں 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی پی او سوات محمد عمر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، جس کے حوالے سے شبہ ہے کہ یہ مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق خودکش حملہ آور پولیس سٹیشن کبل میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے حملہ آور کو روک لیا جس پر حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
