عدالت اعظمیٰ الیکشن، فوجی عدالتوں کے کیسز کی سماعت کریگی

چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ عدالت اعظمیٰ میں بہت جلد الیکشن اور فوجی عدالتوں کے کیسز آنے والے ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پر فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے اب تک اہم مقدمات کی سماعت نہیں ہو رہی تھی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پاک عرب ریفائنری ملازمین کیس پر سماعت کی. دوران سماعت ملازمین کے وکیل نے استدعا کی کہ پاک عرب ریفائنری ملازمین کا کیس 15 دن کے بعد مقرر کر دیں۔
التوا کی استدعا پر چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں عام انتخابات اور سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے کیس مقرر ہونے والے ہیں۔
سپریم کورٹ میں مشکل مقدمات آنے والے ہیں جس کے دوران دیگر کیسز سننا مشکل ہوگا، اس کیس کو دو ماہ بعد مقرر کریں گے۔
