نئے اداکار کام کی بجائے کس پر زیادہ توجہ دیتے ہیں؟

مقبول اداکارہ ثنا نواز نے نئے اداکاروں کی کارکردگی کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی ساری توجہ خودنمائی، ظاہری خوبصورتی پر ہی قائم رہتی ہے جبکہ کام پر توجہ نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔اداکارہ ثنا نواز حال ہی میں کامیڈی ٹاک شو ’’مذاق رات‘‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں، اداکارہ کے مطابق جب تک محبت رہتی ہے تب تک اس کے یک طرفہ ہونے کا علم نہیں ہوتا جب ختم ہوتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایک طرف کی محبت تھی۔پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال پر بات کرتے ہوئے ثنا نواز نے کہا کہ یہ باتیں غلط ہیں کہ فلم انڈسٹری زوال پذیر ہوگئی، جب اداکاری شروع کی تب بھی یہی باتیں کی جاتی تھیں کہ فلم انڈسٹری ذوال کا شکار ہوگئی، پرانی انڈسٹری ختم ہوتی ہے تو نئی انڈسٹری بنتی ہے اور ابھی تک پاکستان کی نئی انڈسٹری بھی اس طرح نہیں بنی، اس لیے فلم انڈسٹری کے زوال کی باتیں درست نہیں۔ایک سوال کے جواب میں ثنا نواز نے کہا کہ انہیں جتنی بھی عزت ملی وہ فلم انڈسٹری کی وجہ سے ہی ملی، وہ اتنی عزت کے لائق نہیں تھی۔

ان پر خدا کا کرم ہے، کیریئر کے دوران جو کھویا جو پایا یا جو غلطیاں کیں اس پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں، جو کچھ کیا بہتر کیا اور اپنے سکون کے لیے کیا۔جب انہوں نے کیریئر شروع کیا تب ان پر دباؤ ہوتا تھا، انہیں ہر کام بہتر کر کے دینا ہوتا تھا، ان کے پاس سیکھنے اور سوچنے کا وقت نہیں ہوتا تھا، بس وہ صرف کام پر فوکس کرتے تھے۔اداکارہ کے مطابق لیکن اب ہر کسی کو یہ علم ہے کہ ایئرپورٹ پر کس طرح کا لباس پہننا ہے اور ٹی وی شو میں کیسے کپڑے پہن کر جانے ہیں، جب محنت کر کے کوئی بندہ کسی مقام پر پہنچتا ہے تو اسے ہر چیز کی قدر ہوتی ہے لیکن اب ایسا نہیں، ہر کوئی لباس اور خوبصورتی پر توجہ دیتے ہیں اور پھر ایسے ہی اداکاروں کو جب کوئی برانڈ اپنا ایمبیسیڈر بناتا ہے تو وہاں بھی وہ یہی پوچھتے رہتے ہیں کہ وہ کیسے نظر آ رہے ہیں؟خیال رہے کہ ثنا نواز نے 1997 میں فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ 2000 کی مقبول ہیروئنز میں سے ایک ہیں، انہوں نے فلموں کے ساتھ ساتھ متعدد ڈراموں میں بھی اداکاری کی، انہوں نے 2008 میں فخر جعفری سے شادی کی، ان کے دو بچے بھی ہیں، تاہم اکتوبر 2022 میں شادی کے 14 سال بعد انہوں نے طلاق کی تصدیق کی تھی، شادی کے وقت انہوں نے اپنا نام ثنا نواز سے تبدیل کر کے ثنا فخر کر دیا تھا لیکن اب وہ دوبارہ ثنا نواز کہلاتی ہیں۔

Back to top button