سپریم کورٹ : شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ الیکشن روکنے کی استدعا مسترد

 

 

 

 

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے واضح کیاکہ وہ سینیٹ الیکشن کے عمل میں مداخلت نہیں کرے گی۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ میں شبلی فراز نااہلی کیس کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے شبلی فراز کی اپیل پر کیس کو غیرمعینہ مدت کےلیے ملتوی کرنے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتےہوئے عدالت عالیہ کو شبلی فراز کی زیر التوا درخواست پر فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت میں بیرسٹر گوہر نے کہاکہ کل شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول معطل کیاجائے جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا جب آپ نے امیدوار نامزد کردیا تو پھر حکم امتناع کیوں مانگ رہے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ ہم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔

چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ملتوی ہوئی تھی،آج سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو ڈائریکشن جاری کی گئی کہ دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کریں۔ہم نے سینیٹ الیکشن رکوانے کےلیے درخواست بھی دی تھی لیکن مجھے افسوس ہے کل سینیٹ کا الیکشن ہورہا ہے، عدالت نے کہا ہم مزید پیچیدگیوں میں نہیں جانا چاہتے،امید ہے ہائی کورٹ میں کیس چلے گا تو ہمیں ریلیف ملے گا۔الیکشن کمیشن کے پاس اختیار نہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے ریفرنس کے بغیر کسی کو نااہل کرے۔

 

 

یاد رہے مرکزی رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کل ہونا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی، پی ٹی آئی نے خرم شہزاد کو امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے نثار خان اور 3 آزاد امیدوار بھی مقابلے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

 

 

 

 

 

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!